اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کے بعد جاتی سردی پھر لوٹ آئی

پیر 2 مارچ 2015 11:44

اسلام آباد /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء ) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد جاتی سردی پھر لوٹ آئی،لاہور میں تیز ہواوٴں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا،150 فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا ،مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جب کہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں، بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے دن بھر برف باری ہوتی رہی، معمولات زندگی معطل ہوگئے،محکمہ موسمیات نے کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں مزید برفباری جبکہ نشیبی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی۔

ملک میں بارش برسانے والی ہواوٴں کا نیا سلسلہ داخل ہوا تو گرجنے برسنے والے بادل بھی ساتھ لایا۔

(جاری ہے)

پنجاب اور اندرون سندھ بعض شہروں میں بارش ہوئی جبکہ زیادہ تر علاقوں میں ٹھنڈی ہواوٴں نے ڈیرہ جمالیا ۔ چمن، پشین، ژوب، ہرنائی، موسی خیل سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔ وادی زیارت کان مہترزئی کوڑک ٹاپ اور کوہ سیلمان پر بھی مزید برفباری ہوئی۔

خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں بھی شدید سردی پڑی۔ ملک کے بالائی اضلاع استوراورغذر میں شہری علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر وقفے وقفے سے دن بھر برف باری ہوتی رہی۔ کڑاکے کی سردی نے معمولات زندگی معطل کردیے ہیں۔ لاہور کے مختلف علاقے جوہر ٹاوٴن، ماڈل ٹاوٴن، شادمان، گلبرگ اور مغل پورہ سمیت اندرون شہر کے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جب کہ واسا کا عملہ چھٹیاں منسوخ ہونے کے باوجود غائب رہاجس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں