مالیاتی خسارہ پورا کرنے کیلئے حکومت کا مقامی ذرائع پر انحصار بڑھ گیا

پیر 26 جنوری 2015 12:15

اسلا م آ با د (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جنوری 2015ء)مالیاتی خسارہ پورا کرنے کے لیے حکومت کا مقامی ذرائع پر انحصار بڑھ گیا ہے۔ جولائی سے نومبر کے دوران مقامی قرضوں میں 469ارب روپے کا اضافہ ہوا اور مقامی قرضوں کی مجموعی مالیت 11.37ٹریلین روپے تک پہنچ گئی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مانیٹری پالیسی انفارمیشن کمپینڈیم کے مطابق جون 2014میں مقامی قرضوں کی مجموعی مالیت 10.90ٹریلین روپے تھی جو پانچ ماہ کے دوران بڑھ کر 11.37ٹریلین تک پہنچ گئی۔

قرض گیری کے لیے حکومت کا اسٹیٹ بینک پر انحصار کم ہوا تاہم کمرشل بینکوں پر بڑھ گیا۔حکومت نے پانچ ماہ کے دوران کمرشل بینکوں سے 407 ارب روپے کے قرضے حاصل کیے، اسی دوران مرکزی بینک کو 253ارب روپے کے قرضے لوٹادیے گئے۔ نان بینک ذرائع سے پانچ ماہ کے دوران 315ارب روپے کے قرضے لیے گئے جن میں نیشنل سیونگز سے حاصل کردہ 173 ارب روپے اور دیگر ذرائع سے حاصل کردہ 142 ارب روپے کے قرضے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پانچ ماہ کے دوران مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگی گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6.4فیصد زائد رہی۔ جولائی سے نومبر 2014 کے دوران مقامی قرضوں پر 485ارب روپے کا سود ادا کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں سود کی مد میں 455ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئی تھیں۔ رواں مالی سال جولائی سے نومبر کے دوران کی جانے والی سودی ادائیگیوں میں 205ارب روپے مستقل قرضوں، 180 ارب روپے فلوٹنگ اور 99 ارب روپے ان فنڈڈ قرضوں پر سود کی مد میں ادا کیے گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں