اسلام آباد ہائیکورٹ مریم نوازتقرری کیس،

سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن اور چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ لون سکیم مریم نواز کو نوٹسز جاری پندرہ دنوں میں جواب طلب

جمعرات 30 اکتوبر 2014 12:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز کی تقرری کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن اور چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ لون سکیم مریم نواز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے پندرہ دنوں میں جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن کی تقرری کیس میں تین عدالتی معاونین مقرر کردئیے ہیں۔

جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز تقرری کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار عاشق بھٹی کے وکیل یاسر چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز کی تقرری سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہے جوکہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے اربوں روپے پر مریم نواز کی تقرری اسلئے کی ہے کہ مریم نواز وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن تقرری کیس میں سپریم کورٹ کے مختلف فیصلوں کی بھی خلاف ورزی کی گئی لہٰذا عدالت سے استدعاء ہے کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی تقرری کو کالعدم قرار دیا جائے۔ مختصر دلائل کے بعد عدالت نے وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز کی تقرری کیس میں تین عدالتی معاونین پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی‘ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رفیق رجوانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر راہنماء و سینئر وکیل حامد خان کو مقرر کرتے ہوئے سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن اور وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پندرہ دنوں میں جواب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں