پاکستان اورچین نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ،وزیراعظم نواز شریف

بدھ 1 اکتوبر 2014 11:19

پاکستان اورچین نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ،وزیراعظم نواز شریف

اسلام آباد/بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ پاکستان اورچین نے عالمی اورعلاقائی معاملات پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔اقتصادی راہداری منصوبے سے دونو ں ممالک کے سٹریٹجک تعلقات کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

چین کے 65ویں یوم تاسیس کے موقع پر چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے نا م خط میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین کا باہمی تعلق اوراعتماد مضبوط دوستی کی بنیاد ہے،اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں ترقی کی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، اس منصوبے سے پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ ملے گا،وزیراعظم نے اپنے خط میں چینی حکومت اور عوام کو یوم تاسیس کی مبارکباد بھی دی ہے۔

ادھرچین میں قومی دن کا جشن بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے۔ دارالحکومت بیجنگ کے تیان من اسکوائر پر رنگارنگ تقریب ہوئی جس میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شاندار پریڈ کے بعد قومی پرچم لہرایا گیا۔ چین کا قومی ترانہ بجایا گیا اور گولڈن واٹر برج سے 10 ہزار کبوتر اور 30 ہزار غبارے فضا میں چھوڑے گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں