عیدالفطر کے موقع پر جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہوگئی

ہفتہ 26 جولائی 2014 13:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء) عیدالفطر کے موقع پر جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہوگئی ، مالکان نے مختلف شہروں کے درمیان گاڑیاں چلانے والے ٹرانسپورٹرز کو ٹھیکے پر فراہم کر دیں، راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان سفر کرنیوالے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کی آمد کے موقع پر مختلف شہروں کیلئے ٹرانسپورٹ کی ڈیمانڈ بڑھ جانے کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہوگئی ہے، معلوم ہوا ہے کہ مالکان نے اپنی گاڑیاں مختلف شہروں کیلئے ٹرانسپورٹ چلانے والے مالکان اور کمپنیوں کو ٹھیکے پر فراہم کر دی ہیں جس کی وجہ سے جڑواں شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ، گاڑیاں نایاب ہونے کی وجہ سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنیوالے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اکا دکا گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز نے مل کر مسافروں کو لوٹنا شروع کردیا ہے جبکہ ٹیکسی ڈرائیور بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے لگے ہیں اور مقامی مسافروں کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر معمول سے دو گنا کرایہ وصول کررہے ہیں۔ شہریوں نے انتظامیہ اور ٹریفک حکام سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں