سیلولر کمپنیوں نے عیدالفطر کے موقع پر ضابطوں اور قوانین کو بالائے طاق رکھ دیا، صارفین کیلئے مختلف پیکیجز معطل

ہفتہ 26 جولائی 2014 12:54

سیلولر کمپنیوں نے عیدالفطر کے موقع پر ضابطوں اور قوانین کو بالائے طاق رکھ دیا، صارفین کیلئے مختلف پیکیجز معطل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء) ملک کی سیلولر کمپنیوں نے عیدالفطر کے موقع پر تمام تر ضابطوں اور قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صارفین کیلئے مختلف پیکیجز معطل کر دیئے ۔ موبائل کال کے بعد صارفین کو اب ایس ایم ایس پیکیج بھی معطل رہنے کی نوید سنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کی آمد سے قبل ملک کی اکثر سیلولر کمپنیوں نے ملی بھگت کے ذریعے صارفین کو ریلیف دینے کی بجائے بیشتر کال پیکیجز ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ عید کے دنوں میں صارفین یومیہ ہفتہ وار یا دیگر کال پیکیجز سے مستفید نہیں ہوسکیں گے اور انہیں ہر کال کے لئے کمپنی کی طرف سے مقرر کردہ زیادہ سے زیادہ چارجز ہی ادا کرنا پڑینگے۔

ابھی صارفین اس صدمے سے سنبھلے ہی نہیں تھے کہ ہفتہ کو ایک موبائل کمپنی کی طرف سے انہیں یہ پیغام بھیج دیا گیا کہ عیدالفطر کے موقع پر ماہانہ پیکیج کے سوا ہر طرح کے ایس ایم ایس پیکیج بھی معطل کر دیئے جائینگے اس طرح صارفین کو اپنے پیاروں کو کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے عید کی مبارکباد دینے کی بھاری قیمت چکانا پڑیگی کیونکہ بعض کمپنیوں کے ایس ایم ایس نرخ 1 روپیہ 80 پیسے فی ایس ایم ایس ہیں۔

(جاری ہے)

ملک بھر کے صارفین نے پی ٹی اے سے فوری طور پر نوٹس لینے اور صارفین کے کال اور ایس ایم ایس پیکیجز بحال کرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلولر کمپنیوں کو من مانی کی اجازت دیکر صارفین کو ان کے حقوق سے محروم کردیا گیا ہے اور عیدالفطر جیسے اہم تہوار پر پہلے سے کال یا ایس ایم ایس پیکیج استعمال کرنیوالوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنا زیادتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں