بھارتی ریاست گجرات کے دو اضلاع میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے 30 سے زیادہ افراد ہلاک

سیلابی پانی کئی دیہات میں داخل ہو چکا ہے جس سے صورت حال اور بھی خراب ہو گئی ٗحکام بھارتی فضائیہ کے دو ایم آئی -17 ہیلی کاپٹر امریلی میں امدادی کاموں میں مدد دے رہے ہیں ٗوزارت دفاع

جمعرات 25 جون 2015 17:32

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) بھارتی ریاست گجرات کے دو اضلاع راج کوٹ اور امریلی میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے 30 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں اضلاع میں تین روز سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور 30 دیہات کا رابطہ باقی علاقوں سے کٹ گیا راج کوٹ اور امریلی کے علاوہ سومناتھ، جونا گڑھ، دوارکا اور سریندرنگر کے اضلاع سے بھی شدید بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔

بارش کی وجہ سے بجلی کی فراہمی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔حکام کے مطابق سیلابی پانی کئی دیہات میں داخل ہو چکا ہے جس سے صورت حال اور بھی خراب ہو گئی ہے۔راج کوٹ کے ضلعی مجسٹریٹ کے مطابق دریا کے کنارے آباد 17 دیہات سے قریباً چار ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا بھارت کی مغربی ریلوے کے ترجمان کے مطابق ٹریک پر پانی آجانے کی وجہ سے ریل ٹریفک بھی متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

احمد آباد میں منعقد ہونے والے ایک اعلی سطح کے اجلاس میں ریاست کے وزیر اعلی اندی بین پٹیل نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور متاثر اضلاع کے انچارج وزرا کو اپنے علاقوں میں جانے کی ہدایت کی ہے۔ریاستی حکام کے مطابق دونوں متاثرہ اضلاع میں امدادی ادارے کام میں مصروف ہیں اور انھیں بھارتی افواج کی مدد بھی حاصل ہے۔وزارت دفاع کے ترجمان نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے دو ایم آئی -17 ہیلی کاپٹر امریلی میں امدادی کاموں میں مدد دے رہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے گجرات کے ساحلی علاقے میں مزید بارش کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں