عیدالاضحی کے موقع پر قائد رحمتہ اللہ علیہ کا پیغام

اللہ تعالیٰ جن لوگوں سے محبت رکھتا ہے انہیں کی آزمائش بھی کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی حضرت ابراہیم علیہ السلام کو حکم دیا کہ وہ اپنی متاع عزیز کوراہ خدامیں قربان کردیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے حکم خداوندی کی تعمیل میں اپنے لخت جگر کو قربانی کیلئے پیش کردیا تھا۔

ہفتہ 10 ستمبر 2016

Eid ul Adha K Moqe Par Quaid e Azam Ka Paigham
اللہ تعالیٰ جن لوگوں سے محبت رکھتا ہے انہیں کی آزمائش بھی کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی حضرت ابراہیم علیہ السلام کو حکم دیا کہ وہ اپنی متاع عزیز کوراہ خدامیں قربان کردیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے حکم خداوندی کی تعمیل میں اپنے لخت جگر کو قربانی کیلئے پیش کردیا تھا۔ آج اللہ تعالیٰ پاکستان اور ہندوستان میں بسنے والے مسلمانوں کو آزما رہاہے۔

ہماری نوآزاد مملکت خداداد کا وجود دشمنوں کے لگائے ہوئے زخموں سے چور اور لہورنگ ہے۔ ہندوستان میں رہ جانے والے مسلمان پاکستان حمایت وتائید کرنے کے جرم میں ہندوؤ ں کے بدترین مظالم کانشان بن رہے ہیں۔ ادبار کی گھٹائیں ہمارے سروں پر منڈلا رہی ہیں لیکن بفضل تعالیٰ ہم ثابت قدم رہیں گے اور مجھے یقین ہے کہ اگر ہم حضرت ابراہیم علیہ السلام والے جذبہ قربانی اور استقلال کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے تو تاریکیوں کا سینہ چاک ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

آج عیدالاضحی کے دن ہمیں جسقدر بھی قربانیاں دینی پڑیں ہم پاکستان کو اپنے خوابوں کی تعبیر بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس منزل کو حاصل کر کے ہی دم لیں گے۔ مجھے پورا اعتماد ہے کہ بحران چاہے کتنا بھی بڑااور شدید ہم اس پر بالآخر قابو پاہی لیں گے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ماضی میں ایسے کئی بحرانوں پر فتح حاصل کی ہے۔ ہمارے دشمن ایڑی چوٹی کازور لگائیں اس کے باوجود ہم کامیاب وکامران ہونگے۔

ہم دنیا پر یہ ثابت کردیں گے کہ ہم نے پاکستان محض زندگی گزارنے کیلئے حاصل نہیں کیا بلکہ یہ ریاست حقیقی معنوں میں ایک مثالی زندگی بسر کرنے کیلئے حاصل کی گئی ہے۔
اس مبارک ومقدس دن کے موقع پر میں اپنی اور اپنی قوم کی جانب سے دنیا بھر میں بسنے والے اپنے مسلمان بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اہل پاکستان یہ عید یوم تشکر کے طور پر منارہے ہیں تاہم اس موقع پر ہمیں مشرقی پاکستان اور اس کے ملحقہ علاقوں میں لاکھوں مسلمانوں کی حالت زار کابھی پورا احساس ہے۔

میں امید کرتا ہوں کہ میری قوم اس موقع پر اپنے غمزدہ اور دکھی بہن بھائیوں کو فراموش نہیں کرے گی اور انہیں اپنی دعاؤں میں یادرکھے گی ۔ہمارے ان بہن بھائیوں پر ہونے والے مظالم نے انسانیت کو دہلا کررکھ دیا ہے۔ میں سسکتی ، ہلکتی اور درد میں ڈوبی انسانیت کے نام پر اپنے تمام مسلمان بہن بھائیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کرب وابتلا اور آزمائش کی اس گھڑی میں ہمارا ساتھ دیں۔

اپنے مظلوم مسلمان بہن بھائیوں کا ساتھ دیں۔ ہمارا ایمان ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی۔
ہم مصائب ، مشکلات اور آزمائش کی اس دھکتی ہوئی آگ سے کندن بن کر نکلیں گے۔
میرا پیغام امید،جرات اور اعتماد سے عبارت ہے۔ آئیے ہم اپنے تمامتر وسائل اور توانائی منظم انداز میں استعمال میں لائیں اور اس بحران سے یوں سرخروہوکرنکلیں جیسا کہ عظیم قوموں کاشیوہ ہوتا ہے ۔
پاکستان زندہ باد !

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Eid ul Adha K Moqe Par Quaid e Azam Ka Paigham is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 10 September 2016 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.