بھارتی دہشت گردی اورجنرل قمر باجوہ کا خوف

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چار ماہ سے بھارتی مسلح افواج نے ظلم و بربریت اور جبر و استبداد کی تمام حدیں پار کر دی ہیں ۔برھان مظفروانی کی شہادت سے اب تک بھارتیوں نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے تمام تر ہتھکنڈے آزما لیے۔ مخبوط الحواس بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سفاکیت کی انتہاء کر دی ہے اور کنٹرول لائن پر کشمیری مسلمانوں پر بلا اشتعال فائرنگ سے محدود جنگ چھیڑ رکھی ہے

جمعرات 1 دسمبر 2016

Baharti DehshaatGardi Or General Qamar Bajwa Ka Khoof
مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چار ماہ سے بھارتی مسلح افواج نے ظلم و بربریت اور جبر و استبداد کی تمام حدیں پار کر دی ہیں ۔برھان مظفروانی کی شہادت سے اب تک بھارتیوں نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے تمام تر ہتھکنڈے آزما لیے۔ مخبوط الحواس بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سفاکیت کی انتہاء کر دی ہے اور کنٹرول لائن پر کشمیری مسلمانوں پر بلا اشتعال فائرنگ سے محدود جنگ چھیڑ رکھی ہے صرف گزشتہ آڑھائی ماہ کے دوران بھارت تین سو سے زائد بار جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے ۔

بچوں ، عورتوں ، بوڑھوں اور عام شہریوں پر فائرنگ اس کا معمول بن چکا ہے۔ بھارتی فوج نے نکیال ،چڑھوئی ، کوٹلی ، گوئی ، سماہنی ، بھمبر ، بٹل ، نیلم اور کیرالاسیکٹر کے علاوہ دیگر مقامات پر بلا اشتعال وحشیانہ فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

مسافرویگنوں اور بسوں کونشانہ بنانے کے علاوہ ایمبولینس کو بھی نہیں بخشا ایسے سنگین مظالم تو جنگ عظیم دوئم کی تاریخ میں بھی نہیں ملتے۔

بھارت کی ان اشتعال انگیزیوں اور چھیڑ چھاڑ سے کنٹرول لائن پر بسنے والوں کی جرات و دلیری میں ہر گز کمی نہیں آئی ہے بلکہ ان کا جذبہ ایمانی پہلے سے بھی مضبوط ہوا ہے اور وہ بھارتی جارحیت کیخلاف سینہ سپر ہو کر کھڑے ہیں کیونکہ پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ اگر ہمارا کوئی ایک شہری یافوجی جام شہادت نوش کرتاہے تو بھارتی فوج کے دو گنے اہلکار جہنم واصل ہو جاتے ہیں بھارتی فوج سویلین آبادی پر فائرنگ کرکے بیگناہ لوگوں کونشانہ بنائے ہوئے ہے اور لوگوں کے مویشی ہلاک کرنا اور سوکھے چارہ کو آگ لگانا ان کی بزدلانہ حرکات ہیں جبکہ پاک افواج کے جواب سے انہوں نے از خود اپنے 13 فوجیوں کے جہنم واصل ہونے کی تصدیق کی ہے اور کئی بھارتی چوکیوں کی تباہی نے ہندووٴں کا غرور خاک میں ملا کر رکھ دیا ہے۔

بھارتی نیتا آئے روز سرجیکل سٹرائیکس کا دعویٰ کرتے تھے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کے اس دعویٰ کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے بھارت کو خبردار کیاتھا کہ اگر ہم نے سرجیکل سٹرائیک کی تو بھارتی تعلیمی نصاب میں پاک فوج کی بہادری ، جرات کے واقعات پڑھائے جائیں گے۔ اس جواب کے بعد دہلی سرکار کی بنیادیں ہلنا شروع ہوگئیں اور وزیراعظم نریندر مودی نے عالم بوکھلاہٹ میں پاکستان کا پانی بند کرنے کی گیڈر بھبکی داغ دی ، حالانکہ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت ایسا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے اور 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے دوران بھی یہ معاہدہ قائم رہا تھا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انتخاب سے پہلے نویں درجے کے لیڈر تھے اور قومی سطح پر اپنے ملک میں ان کا کوئی بڑا مقام نہیں تھا۔ محض مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلنے گجرات فسادات کی وجہ سے وہ ایک دہشت گرد رہنماء کی حیثیت سے بھارت کے مطلع سیاست پر ظہور پذیر ہوئے اور مسلم مخالف دہشت گرد و غنڈہ گرد تنظیموں نے انہیں اٹھا کر وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بٹھا دیا وہ اپنے عوام کو یہ باور کرواتے تھے کہ خطہ میں بھارت کو بالا دست معاشی ٹائیگر بناوٴ ں گا۔

لیکن ان کے اپنے ملک کے اندر چلنے والی علیحدگی کی سولہ سے زائد تحریکوں ، بھوک ننگ افلاس نے ان کے خواب چکنا چور کر دئیے اور بھارت کی اندرونی شورش و خلفشار سے توجہ ہٹانے کیلئے مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تختہ مشق بنا کر ایل او سی پر اشتعال انگیزی شروع کر دی۔ ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جوابی کارروائیوں سے ان کا (بھارت کا ) ناقابل تلافی نقصان ہوگا مودی کی پالیسیوں نے انہیں بھارت کے اندر انتہائی متنازعہ بنا دیا ہے۔

دو سو زائد دانشوروں ، ادیبوں ، شاعروں ، فلمسازوں اور چیدہ چیدہ لوگوں نے تھوڑا ہی عرصہ قبل بھارتی سرکارکی طرف سے ملنے والے اعزازت میڈل و تعریفی اسناد واپس کر کے گویا یہ ثابت کر دیا تھا کہ مودی بھارتی قیادت کے اہل نہ ہیں اور وہ حکمرانی کے اصولوں سے نابلد ہیں۔ممتاز بھارتی دانشور کلدیپ نیئر نے تو بہت پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ جب کشمیریوں کی آزادی کا مسئلہ آتا تھا تو اکثر بھارتیوں کا ضمیر سو جاتا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے اپنے عوام کو یقین دلایا تھا کہ وہ اپنی کمال سفارتکاری سے پوری دنیا میں پاکستان کو تنہاء کر دینگے لیکن آئیڈیاز 2016ء پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک اہم باب ثابت ہوا ہے اس سے بھارت کی آنکھیں کھل جانا چاہیں اور اس کے عوام کو بھی پتہ چل گیا ہو گا کہ اس عسکری پروگرام میں کتنے ممالک شریک ہوئے اور دفاعی طو رپر پاکستان کو کیا مفاد حاصل ہوا ہے۔

مودی سرکارنے کرنسی بندی کر کے خود کو مشکل میں ڈال دیا ہے اور اس کی معیشت ہچکولے کھانا شروع ہو گئی ہے اور وہ اپنی ناکامیوں و نالائقیوں اور بھارت کے اندرونی خلفشار سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کیخلاف سازشوں ریشہ دوانیوں اور کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ہیں۔ جنرل راحیل شریف اپنے دور میں کئی محاذوں پر لڑے اس دوران وہ کئی بار دشمن کی بچھائی بارودی سرنگوں پر سے گزرے توپوں کی گھن گرج ، گولیوں کی ترتراہٹ ان کیلئے معمول کی بات رہی ہے کیونکہ جب وہ سپہ سالار بنے تھے تو کراچی کے ساحل سے خنجراب تک چہا ر سو کئی محاذ کھلے تھے انہوں نے ایک پیشہ ور جنرل کی حیثیت سے پاکستان کی حاکمیت اعلیٰ داخلی خود مختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے قابل داد کردار ادا کیا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آرمی چیف مدت ملازمت باعزت پوری کر کے ریٹائرڈ ہوئے۔

جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت کے اختتام پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فوج کا نیا سپہ سالار مقرر کرنے کی خبریں بھارتی میڈیا نے بھی ”بریکنگ نیوز“ کے طورپر چلائیں اور ان کی تعیناتی کے ساتھ ہی بھارتی فوج پر کپکپی بھی طاری ہو گئی ہے اور بھارتی قیادت بھی سہم گئی ہے کیونکہ نئے آرمی چیف جن عہدوں پر فائز رہے وہاں انہوں نے گہرے نقوش چھوڑے ہیں اور وہ وطن کی افواج کی حربی صلاحیتوں میں اضافہ ، دہشت گردی کے خاتمہ اور بھارتی جارحیت کے سدباب کیلئے ایک زبردست حکمت عملی کے حامل مثالی و کامیاب کمانڈر ہیں۔

قوم امید رکھتی ہے کہ جنرل باجوہ راحیل شریف کی حکمت عملی و اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے اور بھارتی جارحیت و دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں گے۔ کیونکہ وہ بہادر نڈر معاملہ فہم اور گوناں گوں صفات کے حامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بھارتی فوج کے سابق چیف جنرل بکرم سنگھ نے کھلے دل سے ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی فوج اور قیادت کو بروقت خبردار کرد یاہے۔

پاکستانی قوم کو اپنی بہادر فوج کی جرات، دلیری اور سرفروشی پر ناز ہے کیونکہ ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور جذبہ شہادت سے سرشار جوانوں کے مقابلہ میں حالات سے تنگ خود کشیاں کرنے والے بھارتی فوجی تو کچھ بھی نہیں ہیں۔ کیونکہ فرق صاف ظاہر ہے کہ پاک فوج کے جوان کا یقین کامل وایمان محکم ہے کہ شہادت اس کا مطلوب و مقصود ہے وطن کی مٹی پر جان کا نذرانہ اس کی آرزو ہوتی ہے جبکہ بھارتی فوجی جانتے ہیں کہ مقابلے میں مرنے سے وہ جہنم واصل ہونگے اور وہ ہر وقت عالم مایوسی میں گھبراہٹ خوف اور ڈر میں مبتلا رہتے ہیں۔

کاش کہ ہماری بہادر افواج کی طرح سیاسی قیادت بھی کرپشن ، اقرباپروری ، دھونس دھاندلی ، کمیشن و بھتہ خوری ، آف شور کمپنیوں کی دلدل سے باہر آجائے اور دوبئی برطانیہ و امریکہ میں جائیدادیں بنانے کی بجائے باہر ممالک سے اپنے جملہ اثاثے مادر وطن منتقل کردیں انشاء اللہ وہ وقت بھی آنے والا ہے کیونکہ نئی نسل ایسی فرسودہ قیادت سے لازمی چھٹکارا حاصل کریگی۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Baharti DehshaatGardi Or General Qamar Bajwa Ka Khoof is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 01 December 2016 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.