پوزیشن ہولڈر طلبہ کا سویڈن‘ جرمنی اور برطانیہ کا دورہ

38رکنی پاکستانی وفد نے دنیا کی 25بہترین یونیورسٹیوں کا دورہ کیا۔۔۔۔وزیراعلیٰ فلیگ شپ پروگرام کے تحت پوزیشن ہولڈر طلبہ نے برطانیہ کی سرے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی حکام نے پاکستانی وفد کو خصوصی بریفنگ دی

منگل 28 جولائی 2015

Position Holder Talba Ka Sweden Germany UK Ka Dora
محمد عمران اسلم
38رکنی پاکستانی پوزیشن ہولڈر طلبہ کے وفد میں 19طلبا اور 19طالبات شامل ہیں۔پنجاب سے 32 پوزیشن ہولڈر طلبہ ‘ سندھ‘ بلوچستان‘ خیبرپختونخوا‘ آزاد جموں و کشمیر‘ گلگت بلتستان اور وفاقی بورڈ کے ایک ایک پوزیشن ہولڈر طالب علم پر مشتمل 38 رکنی وفد جون کے دوسرے ہفتے سویڈن‘ جرمنی اور برطانیہ کے دورے پر روانہ ہوا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان نے لاہور ایئرپورٹ پر طلبہ کو الوداع کیا۔ روانگی سے قبل پولیس کے چاک و چوبند دستے نے طلبہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پوزیشن ہولڈر طلبہ نے ٹیکنیکل یونیورسٹی برلن‘ ہیڈل برگ یونیورسٹی‘ مانچسٹر یونیورسٹی ‘ آکسفورڈ یونیورسٹی‘ کیمبرج یونیورسٹی‘ یونیورسٹی آف سرے سمیت 25 اعلیٰ یورپی درسگاہوں کا مطالعاتی دورہ کیا۔

(جاری ہے)


وزیراعلیٰ فلیگ شپ پروگرام کے تحت پوزیشن ہولڈر طلبہ نے برطانیہ کی سرے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی حکام نے پاکستانی وفد کو خصوصی بریفنگ دی۔ پاکستانی وفد نے یونیورسٹی کالج لندن کا بھی دورہ کیا۔ یونیورسٹی کالج لندن عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر اور تحقیقی حوالے سے برطانیہ کی اعلیٰ ترین یونیورسٹی ہے۔ 180سالہ قدیم یونیورسٹی کے 29 محققین نے نوبل پرائز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

یونیورسٹی میں 150 ممالک کے 36ہزار طلبہ زیرتعلیم ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی کالج لندن کے شعبہ نینوٹیکنالوجی کے سپیشلسٹ پروفیسر ڈاکٹر جواداے ڈار کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔ اگلے روز پاکستانی وفد برطانیہ سے سکاٹ لینڈ پہنچ گیا اور یونیورسٹی آف گلاسکو کا دورہ کیا۔ 1451ء میں قائم ہونے والی گلاسکو یونیورسٹی کا شمار برطانیہ کی 20 بہترین یونیورسٹیوں میں ہوتاہے۔

جس کے 7 محققین نوبل پرائز حاصل کر چکے ہیں۔ یونیورسٹی آف گلاسکو ‘ گورنمنٹ کالج لاہور یونیورسٹی کی سٹریٹجک پارٹنر بھی ہے۔ سکاٹ لینڈ میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل احسن رضاشاہ نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو اپنے آفس میں آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے تفصیلی بریفنگ دی۔ سکاٹش پارلیمنٹ کے پاکستانی نڑاد رکن حنظلہ ملک نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں پرتکلف تقریب کا اہتمام کیا۔

سکاٹش دارالحکومت ایڈنبرگ پہنچنے پر پوزیشن ہولڈر طلبہ نے یونیورسٹی آف ایڈنبرگ کا دورہ کیااور مختلف شعبہ جات کے اساتذہ سے تبادلہ خیال کیا۔ گلاسکو میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے پاکستانی پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں پرتکلف استقبالیہ دیا گیا۔ تقریب میں گلاسکو کی 400 سے زائد اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مانچسٹرکے نواح میں لنکاسٹر یونیورسٹی کا شمار برطانیہ کی جدید ترین درسگاہوں میں ہوتا ہے۔

جہاں ز یرتعلیم 12ہزار سے زائد طلبہ میں سے 32فیصد غیرملکی طالب علم ہیں۔ پاکستانی وفد کو یونیورسٹی آف لنکاسٹر کا دورہ کرنے کا بھی موقع ملا۔ پاکستان بھر کے ٹاپ پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں برطانیہ کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری ذوالفقار نے مانچسٹر میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں پولیس کمشنر مانچسٹر ٹونی لائیڈ سمیت ڈاکٹرز‘ انجینئرز‘ بزنس مین‘ پارلیمینٹیرینز اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی 500 سے زائد شخصیات نے شرکت کی۔

ٹاپ پوزیشن ہولڈر طلبہ نے افطار ڈنر کے شرکاء کو اوورسیز پاکستانی کمیشن کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی جانب سے پنجاب کی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات پر مبنی ایک دستاویزاتی فلم بھی دکھائی گئی جس پر شرکاء نے تالیاں بجا کر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرکاء کی جانب سے وزیراعلیٰ کی ویڑنری قیادت اور اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کو بھرپو انداز میں سراہا گیا۔


برطانیہ میں 2ہفتے قیام کے بعد پاکستانی پوزیشن ہولڈر طلبہ کا وفد سویڈن پہنچ گیا۔ سویڈن کی یونیورسٹی آف رولنسکاکو دنیا کے بہترین میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے جہاں 22 مختلف شعبے اور 800 یونٹس میں 380 پروفیشنلز اور 1500 سائنسدان تحقیق میں سرگرم عمل ہیں۔ یونیورسٹی آف رولنسکا میں 1000 پوسٹ ڈاکٹریٹ سٹوڈنٹ‘ 2300 پوسٹ گریجوایٹ سٹوڈنٹس اور 6000انڈرگریجوایٹ اور ماسٹرز سٹوڈنٹ زیرتعلیم ہیں۔

یونیورسٹی کی ڈپٹی وائس چانسلر ماریہ گرازیہ نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں یونیورسٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اگلے روز پاکستانی وفد نے یونیورسٹی آف اپسالہ اور کے ٹی ایچ رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سویڈن کا دورہ کیا۔ وفد نے یونیورسٹی آف سٹاک ہوم سویڈن کا دورہ بھی کیا جہاں ڈائریکٹر انٹرنیشنل افیئرز کارم گر ینول نے یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ دی۔

سویڈن میں پاکستان کے سفیر طارق ضمیر نے طلبہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کااہتمام کیا‘ جس میں پاکستانی کمیونٹی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ سویڈش دارالحکومت میں لنڈ یونیورسٹی پہنچنے پر پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا گیا اور انہیں مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا۔ گوتھن برگ میں کالمرزیونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں طلبہ کے لئے خوشگوار حیرت کا سامان موجود تھا‘ جہاں انہیں جدیدترین فنی علوم کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔

کالمرز یونیورسٹی میں نینوٹیکنالوجی اور نیگٹوآئن لیبارٹریز میں جدیدترین تحقیق کی جاتی ہے۔ پاکستانی وفد نے پرائیویٹ سیکٹر میں دنیا کی بہترین یونیورسٹی‘ یونیورسٹی آف جان کوپنگ کا دورہ بھی کیا اور یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات‘ لائبریری‘ سائنس لیب اور ریسرچ سیکشن کا مطالعہ کیا۔ پاکستانی طلبہ نے سویڈش پارلیمنٹ اور تاراکام ٹاورز کا دورہ بھی کیا۔


سویڈن کا دورہ مکمل کر کے پاکستانی وفد جرمنی پہنچ گیا جہاں سفارتی حکام نے وفد کا خیرمقدم کیا۔ برلن میں پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں پاکستانی سفارتخانے میں استقبالیہ تقریب کااہتمام کیا گیا۔ پوزیشن ہولڈرطلبہ کے وفد نے جرمنی کے شہر برلن میں ڈارٹ مونڈیونیورسٹی کا دورہ کیا- پوزیشن ہولڈر طلبہ کے دورے کی ایک خاص بات نوبل انعام یافتہ محقق کوسٹایانووسولیف سے مانچسٹر یونیورسٹی میں ملاقات تھی۔

طلبہ نے ہاؤس آف لارڈز لندن ‘ سکاٹش پارلیمنٹ اور سویڈش پارلیمنٹ کے دوروں کے دوران اراکین پارلیمنٹ اور سٹی کونسلرز کے کونسلرز سے ملاقات اور تبادلہ خیال کا موقع بھی ملا۔ طلبہ نے دیوار برلن‘ برٹش ہیرٹیج میوزیم آف نیشنل ہسٹری‘ مادام تساؤ میوزیم ‘ گوتھن برگ تھیم پارک اور دیگر نمایاں تاریخی مقامات بھی دیکھے۔ پاکستانی طلبہ نے برطانوی ایجوکیشنل فریم ورک کے اندر کام کرنے والے معروف اسلامی ایجوکیشنل سسٹم جامع الکرم کا دورہ بھی کیا۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Position Holder Talba Ka Sweden Germany UK Ka Dora is a Educational Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 28 July 2015 and is famous in Educational Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.