یوم پاکستان،چاروں صوبائی گورنروں نے متعدد شخصیات کو ایوارڈز دیئے

پیر 23 مارچ 2009 16:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2009ء) گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے یوم پاکستان کے موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پرچوالیس شخصیات کو صدر مملکت کی جانب سے سول ایوارڈز دیئے ۔ گورنر ہاوٴس لاہور میں ہونے والی تقریب میں سات شخصیات کو ستارہ امتیاز اٹھارہ کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی اور انیس شخصیات کو تمغہ امتیاز دیا گیا۔

تقریب میں سینئر سول اور فوجی افسران کے علاوہ عمائدین شہر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا کہ پاکستانی قوم آج پوری عقیدت اور جذبے کے ساتھ قومی اہمیت کا وہ دن منا رہی ہے جس دن قرارداد پاکستان کے ذریعے ایک علیحدہ مملکت کے قیام کا عزم کیا گیاتھا ۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر ہم سب کو چاہئے کہ قومی مفاہمت کو فروغ دینے کا عزم کریں ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے صوبہ سندھ کے چوبیس افراد کو اعزازات سے نوازا۔ گورنر ہاوٴس میں منعقدہ تقریب میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سات شخصیات کو ستارہ امتیاز، گیارہ کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی اور چھ کو تمغہ امتیاز دیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت ممتاز شخصیات اور اعزازیافتگان کے اہلخانہ نے شرکت کی۔

وفات پاجانے والے اعزاز یافتگان کے اعزاز لواحقین نے وصول کئے ۔ ستارہ امتیاز،صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز پانے والوں میں ڈاکٹر محمد اسلم فرخی، مرحوم انورپیرزادہ، استاد بخاری، ڈاکٹر سحر امداد، اسد محمد خان، عبیداللہ بیگ، حمیرہ چنہ اور اداکار شفیع محمد شاہ مرحوم شامل ہیں۔ گورنر سرحد اویس احمد غنی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چودہ افراد کو صدارتی اعزازات سے نوازا۔

یوم پاکستان کے موقع پرگورنر ہاوٴس پشاور میں منعقدہ تقریب میں گورنر سرحد نے صدر کی جانب سے ادب میں بہترین خدمات پر مختار علی خان روحیلہ کو ستارہ امتیاز،پروفیسر ڈاکٹرثاقب علی کو کیمیا،عبدالرشید ناز کو فن،دست کار محمد گل کو سواتی شال سازی،محمد قاسم نسیم اور عبدالواحد یوسفی کو صحافت و ادب اور عمرناصرکو ریڈیو ڈرامہ نگاری پر صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی جبکہ ودود منظر کو فن،ڈاکٹر صابر کلوروی کوبعد از وفات اردو ادب،ڈاکٹر شیر زمان طائزئی اور پروفیسر ڈاکٹرسملیٰ شاہین کو پشتو ادب،پیرا گلائیڈر قاضی طفیل احمد اور کوہ پیما حسن اسد کو کھیل اور سعود اسد کو خدمات عامہ کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

بلوچستان کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نو شخصیات کو صدر مملکت کی جانب سے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے پر تمغہ امتیاز اور حسن کارکردگی جبکہ گیارہ کو بلوچستان کے ایکسیلینس ایوارڈز سے نوازا گیا ہے ۔ تقسیم ایوارڈز کی تقریب گورنر ہاوٴس کوئٹہ میں منعقد ہوئی جس میں گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے نمایاں کار کر دگی پر منتخب شخصیات کو اعزازات دئیے ۔ تقریب میں،اسپیکر بلوچستان اسمبلی محمد اسلم بھو تانی ، صوبائی وزراء اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی ،ایوارڈ ز پانے والوں میں پروفیسر نسیم اچکزئی،عابد شاہ عابد،ڈاکٹر چشتی مجاہدعبدالقادر ،صاحبزادہ حمید اللہ اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔