امریکی میڈیا کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے خلاف پروپیگنڈہ کا ٹاسک دیدیا گیا‘امریکی ادارہ کی رپورٹ

منگل 23 ستمبر 2008 13:16

نیو یارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 23ستمبر 2008ء) امریکی میڈیا کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے خلاف پروپیگنڈہ کا کام سونپ دیا گیا۔امریکی میڈیا کے آزاد ادارہ فرانسسکو بے ایریا انڈیپینڈنٹ میڈیا سینٹر کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اے بی سی نیوز کے مشہور صحافی برائن راس کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے خلاف امریکی رائے عامہ ہموار کرنے کا کام سونپا گیا ہے ، برائن راس میڈیا پر ڈاکٹر عافیہ کی گرفتاری اور افغانستان میں ان پر بہیمانہ تشدد کا جواز پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بش انتظامیہ ڈاکٹر عافیہ کیس کے بارے میں امریکی رائے عامہ کو اپنے حق میں ہموار کرنا چاہتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے نائن الیون کے بعد مسلمان ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے تفتیش شروع کردی اور تنگ آکر ڈاکٹر عافیہ واپس پاکستان چلی گئیں۔ رپورٹ میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی بگرام ائیر بیس جیل میں بطور قیدی نمبر 650 پانچ سال وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنی رہیں۔ جس کی وجہ سے ان کا اعصابی نظام اور صحت تباہ ہو چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :