مشرف حکومت کے بعض عناصر ایٹمی پھیلاوٴ میں ملوث تھے ، ڈاکٹرعبدالقدیر

جمعہ 6 جون 2008 16:08

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین06جون2008 ) پاکستان کے ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ مشرف حکومت میں شامل کچھ افراد ایٹمی پھیلاوٴ میں ملوث تھے ۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو ٹیلی فون پر انٹرویو میں ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ ایٹمی پروگرام پاکستان کی فخریہ کامیابی ہے جس نے پاکستان کو بھارت کی جارحیت سے محفوظ رکھا ۔

انہوں نے بدعنوانی اور ایٹمی پھیلاوٴ کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر پرویز مشرف کی حکومت میں شامل بعض افراد ایٹمی پھیلاوٴ میں ملوث تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں ملک کی قیادت ایٹمی پروگرام کے دفاع میں کمزور رہی جس سے عالمی دباوٴ میں اضافہ ہوا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جرمنی ، جنوبی افریقہ اور متعدد یورپی کمپنیوں نے لیبیا اور ایران کو ایٹمی آلات فراہم کئے اس میں پاکستان ملوث نہیں ، نواز شریف نے ایٹمی تجربات نہ کرنے کیلئے عالمی دباوٴ ، لالچ ، دھونس اور دھمکیوں کو مسترد کردیا تھا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ پاکستانی سائنسدان لانگ رینج میزائل ٹیکنالوجی کی تلاش میں تھے ۔ پاکستان نے چین سے رابطہ کیا تھا تاہم چین نے معلومات کی فراہمی سے انکار کردیا تھا، اس صورتحال میں پاکستان کے پاس صرف شمالی کوریاکا آپشن تھا۔

متعلقہ عنوان :